اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی دفاعی، معاشی اور انتظامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ‘معرکہ حق’ میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور کئی ممالک ان طیاروں کی خریداری کے لیے رابطے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی برآمدات میں یہ تیزی نہ صرف پاکستان کی فنی مہارت کا ثبوت ہے بلکہ اس سے ملکی معیشت کو بھی خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے عزم کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مختصر عرصے میں معاشی میدان میں نمایاں پیشرفت کی ہے اور اب حکومت کی توجہ ترقیاتی اقدامات پر مرکوز ہے۔ انہوں نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملکی معیشت کو نئی جہت ملے گی۔
اجلاس کے دوران وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونے والے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں پر بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے ان ڈیزائنوں پر غور کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔ مزید برآں، پرائیویٹ حج پالیسی 2027-2030 کا مسودہ مزید غور کے لیے متعلقہ کمیٹی کو بھیجنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے دسمبر 2025 کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔