گھوٹکی ( کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر ضلع بھر میں اشتہاری اور روپوش ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ جروار پولیس نے دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جروار اعجاز علی جسکانی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر لنک روڈ حیات پتافی نزد بیلو بند پر چھاپہ مار کر اشتہاری ملزم راجہ ولد محمد بخش عرف محمد پتافی کو گرفتار کیا۔ مذکورہ ملزم اقدامِ قتل، پولیس پر فائرنگ، ڈکیتی اور سندھ آرمز ایکٹ سمیت تھانہ جروار، ہنگورجا (خیرپور) اور تھانہ کمب کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

ایک اور کارروائی کے دوران جروار پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایکشن لیتے ہوئے تھانہ خانپور مہر میں درج قتل کے مقدمہ (کرائم نمبر 43/2025) میں روپوش ملزم محمد مراد ولد توڈو بوزدار کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم جمال بوزدار کا رہائشی ہے اور طویل عرصے سے گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھا۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے ان کامیاب کارروائیوں پر ایس ایچ او جروار اور ان کی ٹیم کے لیے شاباشی کا پیغام جاری کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے