میرپورماتھیلو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) جماعتِ اسلامی ضلع گھوٹکی کے زیرِ اہتمام اوباڑو شہر میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں ضلعی و مقامی رہنماؤں، کارکنان، سماجی شخصیات، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران فضا نعرۂ تکبیر اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی مولانا حزب اللہ جکھرو (ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی صوبہ سندھ) نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کی مکمل آزادی اور خود مختاری کے بغیر کوئی حل منظور نہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دہائیوں سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے لیکن عالمی ادارے اس اہم مسئلے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی تشکیل احمد صدیقی، مفتی محمد یوسف مزاری، علی حسن منصوری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکمران اپنا قبلہ درست کریں اور کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

ریلی میں پرلس پبلک سیکنڈری اسکول اوباڑو اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ یکجہتی کشمیر ریلیوں کا مقصد پُرامن اور جمہوری انداز میں مظلوموں کی آواز دنیا تک پہنچانا ہے۔ ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور مقبوضہ وادی کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے