گھوٹکی(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے ضلع کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے مشن کے تحت 7 مختلف اسکولوں میں ضروری فرنیچر اور الماریاں تقسیم کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں سی ایس آر فنڈ (ماڑی انرجیز) کے تعاون سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اوباوڑو میں ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کے ہمراہ ڈپٹی مینیجر سی ایس آر ماڑی انرجیز کرنل فاروق اعظم، ڈی ای او پرائمری ذکریا دھاندھو اور متعلقہ اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران اسکولوں کے سربراہان کو فرنیچر کے باقاعدہ چارج لیٹرز اور سامان حوالے کیا گیا۔

اس موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے سی ایس آر فنڈز کے ذریعے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کے جن اسکولوں میں فرنیچر کی شدید کمی تھی، وہاں یہ سامان فراہم کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو زمین پر بیٹھ کر پڑھنے جیسی مشکلات سے نجات مل سکے اور وہ پرسکون ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ مرحلہ وار ضلع کے تمام اسکولوں کی حالتِ زار اور تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جائے تاکہ یہاں کے بچے جدید تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ہیڈ ماسٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ فراہم کیے گئے فرنیچر اور دیگر سامان کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنائیں تاکہ یہ طویل عرصے تک طلبہ کے استعمال میں رہ سکے۔ تقریب میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول جنگ کالونی ڈہرکی، گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول خانپور مہر، گورنمنٹ ہائی اسکول غلام حیدر ڈہرکی، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول قاضی بادل، جی بی پی ایس بمبلی، جی بی پی ایس خانپور مہر اور جی بی پی ایس موٹن مہر کو مجموعی طور پر 229 ڈبل ڈیسکیں، 26 کرسیاں، 18 میزیں اور 7 الماریاں فراہم کی گئیں۔ مقامی تعلیمی حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے تعلیم دوست قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے