گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) رہڑکی کے نواحی گاؤں نئون کوٹ میں گولا اور کوسا برادری کے درمیان دیرینہ تنازع پر ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ اور لاٹھیوں کے آزادانہ استعمال سے 7 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گولا برادری کے مشتعل افراد نے مبینہ طور پر کوسا برادری کے گھروں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود افراد لہولہان ہو گئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈہرکی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لاتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد بڑے اسپتال ریفر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برادریوں کے درمیان جھگڑے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈہرکی پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے