گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) بمقام گاؤں خدا بخش لغاری، تحصیل میرپور ماتھیلو میں صحافی مشتاق علی لغاری اور گلشیر لغاری پر بااثر وڈیرا امیر بخش لغاری کے ساتھیوں نے قاتلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے اور ان کی جان کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔
متاثرہ صحافی نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ ملزمان، جن میں محمد یوسف لغاری، خالد لغاری، خان لغاری اور شاہد لغاری شامل ہیں، زمین کے تنازعہ پر مسلح ہو کر لاٹھیوں اور بندوق کے کندوں سے وحشیانہ تشدد کرنے پر اتر آئے۔ واقعہ کھلے عام پیش آیا، لیکن بااثر ملزمان کے خلاف فوری کارروائی نہ ہونے کے سبب متاثرہ فریق کی زندگی کو مسلسل خطرہ ہے۔
صحافی اور دیگر متاثرہ افراد نے اعلیٰ حکام اور ایس ایچ او تھانہ جڑوار سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے اور واقعہ میں وڈیرا امیر بخش لغاری کے کردار کی بھی سخت تحقیقات کی جائیں۔