گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈھرکی کی رہائشی خاتون آسیہ مہر نے بیلو میرپور پولیس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلکاروں نے انہیں سرِ عام تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی گاڑی بھی چھین لی۔ متاثرہ خاتون نے میرپور ماتھیلو تھانے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے رو رو کر دہائی دی کہ پولیس نے بغیر کسی قانونی جواز کے ان کے ساتھ بدسلوکی کی اور دھمکیاں دیں۔
تفصیلات کے مطابق آسیہ مہر کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کے بعد شدید خوف اور پریشانی کا شکار ہیں اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے ساتھ پولیس کی جانب سے زیادتی ہوئی ہے تو اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور متاثرہ خاتون کو انصاف مل سکے۔