ڈیرہ اسماعیل خان (کیو این این ورلڈ) لکی مروت کے علاقے بھانہ منجیوالا میں دہشت گردوں نے تخریب کاری کرتے ہوئے گیس پائپ لائن اور ٹی بی ایس (ٹرمینل بکس اسٹیشن) کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں گیس کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ گیس کے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد گیس کا شدید اخراج شروع ہو گیا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس بزدلانہ کارروائی کے باعث لکی مروت شہر اور سرائے نورنگ کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہو گئی ہے، جس سے ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور متعلقہ اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ گیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے ٹی بی ایس کو پہنچنے والا نقصان کافی زیادہ ہے، تاہم تکنیکی عملے نے گیس کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام کا آغاز کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرمتی کام مکمل ہوتے ہی سپلائی دوبارہ بحال کر دی جائے گی، تاہم موجودہ حالات میں صارفین کو متبادل ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے