گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ میں تھانہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں شادی سے انکار پر ایک نوجوان لڑکی کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ ملزم نے سرِ عام فائرنگ کر کے 25 سالہ شانزہ کی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق سوئی گیس روڈ کا رہائشی ملزم بابر اپنے ایک دوست مہتاب کے ہمراہ مقتولہ سے ملنے کے لیے ماڈل ٹاؤن پارک آیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر ملزم نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے کے نتیجے میں علی پور چٹھہ کی رہائشی شانزہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ نے ملزم سے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کا رنج پالتے ہوئے ملزم نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ واقعے کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم پولیس نے مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم بابر اور اس کے ساتھی مہتاب کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے