گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دو سالہ بچہ سیوریج کی کھلی نالی میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ عبداللہ روڈ پر پیش آیا، جہاں دو سالہ عبداللہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گہری نالی میں جا گرا، جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکپتن میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران سینٹری ورکر کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس المناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پاکپتن سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سینٹری ورکرز کی جانب سے درکار سیفٹی آلات استعمال نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حفاظتی اقدامات میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکپتن میں جتھے والی پل کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران تین سینیٹری ورکرز گٹر میں گر گئے تھے۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایک ورکر جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں