راولپنڈی(ویب ڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے خار میں کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا، جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے میجر عدیل زمان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 29 دسمبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں فتنہ الخوارج تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ وہ اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، اور علاقے میں مزید بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم:
وفاقی ایپکس کمیٹی کے تحت منظور شدہ نیشنل ایکشن پلان (NAP) کے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
نماز جنازہ اور فوجی اعزازات:
میجر عدیل زمان کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی، جس میں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، فوجی و سول افسران اور عوام نے شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
میجر عدیل زمان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ بعد ازاں فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی، ان کے حوصلے اور استقامت کو سراہا۔