ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ اور صحافی برادری کے مشترکہ تعاون سے ننکانہ صاحب میں پریس کلب کی اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے صحافتی تنظیموں کے عہدیداران کے ہمراہ نئی بننے والی جدید عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس پروقار تقریب میں ایس پی انویسٹیگیشن حناء نیک بخت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت، صدر پریس کلب ننکانہ صاحب چوہدری افضل حق خاں اور جنرل سیکرٹری محمد آصف بھٹی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ننکانہ صاحب سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے عالمی سطح پر ایک منفرد اہمیت رکھتا ہے، مگر یہاں پریس کلب کی باقاعدہ عمارت نہ ہونے کے باعث مقامی صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ پریس کلب کی باقاعدہ عمارت کا قیام صحافی برادری کا ایک دیرینہ خواب تھا جو اب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مقامی میڈیا نمائندگان کو ایک چھت تلے کام کرنے کی سہولت ملے گی بلکہ سکھوں کے مختلف مذہبی تہواروں کی کوریج کے لیے آنے والے ملکی و غیر ملکی صحافیوں کو بھی بہترین ورکنگ انوائرمنٹ میسر آئے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اس موقع پر صحافی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور ضلعی انتظامیہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پریس کلب کی تعمیر کے لیے مکمل تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب کے اختتام پر پریس کلب کے عہدیداران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اور دیگر معزز مہمانوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے