نیویارک (کیو این این ورلڈ) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے ایران اور خطے کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور بامقصد مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ پاکستان خطے کی صورتحال کا انتہائی قریبی جائزہ لے رہا ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ تمام تنازعات کا حل محض پرامن گفت و شنید میں ہی پنہاں ہے۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں بیرونی مداخلت کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی عالمی قوانین کے منافی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایک مستحکم اور پرامن ایران نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، لہٰذا تمام تنازعات کو عالمی قوانین اور طے شدہ ضابطوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران کی صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی اور بیرونی دباؤ سمیت اندرونی ہنگامہ آرائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے عالمی برادری کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور مسائل کے منصفانہ حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں پوری تندہی سے جاری رکھے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے