لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملک کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کا باضابطہ آغاز کر دیا اور افتتاحی تقریب میں مستحق مرد و خواتین ڈرائیورز میں گاڑیوں کی چابیاں تقسیم کیں۔

وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران ای ٹیکسی سکیم کے تحت فراہم کی جانے والی برقی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور ای وہیکلز کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ پہلے مرحلے میں پانچ خوش نصیب افراد — نائلہ فرحان، کرن خورشید، قراۃ العین، عابد علی اور عظمت محمود — کو اسٹیج پر بلا کر چابیاں دی گئیں، جبکہ دیگر کامیاب امیدواروں کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ای ٹیکسی حاصل کرنے والے مرد و خواتین کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور خصوصی طور پر خواتین سے گفتگو کر کے ان کے مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر اسماء محمود نامی بچی نے وزیراعلیٰ کو اپنی بنائی ہوئی تصویر پیش کی اور آٹوگراف بھی لیا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے سکیم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1100 ای وہیکلز فراہم کی جائیں گی۔ حکومت پنجاب ڈاؤن پیمنٹ کا 50 فیصد اور مارک اپ خود ادا کرے گی، جبکہ مرد ڈرائیوروں کے لیے 50 فیصد اور خواتین ڈرائیوروں کے لیے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت برداشت کرے گی۔ ای ٹیکسی سکیم میں خواتین کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے اور لیڈیز ڈرائیورز کی گاڑیوں کا رنگ بھی جدا ہوگا۔

حکومت پنجاب گاڑیوں کی رجسٹریشن، فٹنس ٹیسٹ اور ٹوکن ٹیکس فیس بھی ادا کرے گی جبکہ بقایا رقم پانچ سالہ آسان اقساط میں وصول کی جائے گی۔ ہر ای ٹیکسی میں کیمرے، وائی فائی، چارجنگ پورٹس اور مسافروں و ڈرائیورز کی حفاظت کے لیے پینک بٹن نصب ہوگا جو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک ہوگا۔

ای ٹیکسی گاڑیاں آن لائن رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارمز inDrive اور Yango کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گی۔ مختلف مقامات پر فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز بھی نصب کیے جائیں گے جبکہ سکیم کے تحت ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ای ٹیکسی سکیم نہ صرف ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کا ذریعہ بنے گی بلکہ نوجوانوں اور خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب جدید، محفوظ اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے