راولپنڈی (ویب ڈیسک): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کرسمس تقریب میں شرکت، اقلیتوں کے حقوق کو نظریہ پاکستان کی بنیاد قرار دے دیا

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی پروقار تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو اس خوشی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے مسیحی برادری کے ساتھ خوشیاں بانٹیں اور بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے وژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیادی اساس ہے اور ملک کی طاقت تمام شہریوں کو مذہب، نسل یا عقیدے سے بالاتر ہو کر مساوی مواقع اور آئینی حقوق کی فراہمی میں پنہاں ہے۔

تقریب سے گفتگو کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی ترقی اور ملکی سلامتی کے لیے پاکستانی مسیحیوں کی گراں قدر خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی اتحاد کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان تمام شہریوں کی عزت، سلامتی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے قائدین نے فیلڈ مارشل کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وطن کے دفاع، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور قومی یکجہتی کے لیے پاک فوج کے کلیدی کردار کی تعریف کی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے