کراچی (نامہ نگار)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے احتساب کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جس نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا، اسے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
کراچی میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ میرے کرنے کی بات نہیں، مگر میں خوش ہوں کہ پاک فوج نے احتساب کا عمل اپنے اندر سے شروع کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج پر انہیں فخر ہے اور ملک کے نقصان کرنے والوں کا احتساب بھی ضروری ہے۔
پی ایس ایل کے نئے سیزن میں دو فرنچائزز کے اضافے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ ٹیموں کے اضافے سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے گا۔ انہوں نے پی ایس ایل کو ہمارا اپنا برانڈ قرار دیتے ہوئے روڈ شو کو اس کی مقبولیت کا ثبوت بتایا۔