کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بلوچستان میں امن پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہدا کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ ان کے پیاروں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں حالیہ بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثر ردعمل کو سراہتے ہوئے بہادر جوانوں کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت کارروائی قابلِ تحسین ہے اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ صبح فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، تاہم بلوچستان پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران بلوچستان میں 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے جبکہ گزشتہ دو روز میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران مزید 70 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار سیکیورٹی فورسز کے عزم اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمارے شہداء نے ملک و قوم کے امن کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، یہ قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے ایک بار پھر شہداء کے لواحقین سے وعدہ کیا کہ ان کے پیاروں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا اور بلوچستان میں پائیدار امن ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔