قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان، عوامی سہولیات اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سول ڈیفنس آفیسر نے غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں متحرک ہیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے شہری علاقوں میں انسانی جانوں کے لیے خطرہ بننے والی غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا حکم دیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ شہر سمیت ضلع بھر میں تجاوزات اور وال چاکنگ کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن کی رفتار بڑھائی جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔ ٹریفک کے نظام میں بہتری کے حوالے سے انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیوں اور سیکرٹری آر ٹی اے کو مشترکہ آپریشن کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ علاوہ ازیں، اجلاس میں بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری کے حوالے سے ایس ای لیسکو نے بریفنگ دی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بجلی چوروں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے