اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ سنگین صورتحال اور پاک قطر دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق اس رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کی موجودہ رفتار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے حل کے لیے قطر کے مصالحانہ اور فعال سفارتی کردار کو خاص طور پر سراہا۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے قطر کی جانب سے کی جانے والی بامعنی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی خاطر اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا تاکہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔ اس ٹیلیفونک رابطے کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، جہاں دونوں ممالک امن و سلامتی کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے