کراچی (کیو این این ورلڈ/ ڈاکٹر بشیر احمدبلوچ کی رپورٹ) ملک بھر کے بجلی صارفین پر ایک بار پھر اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ہے، فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 63 پیسے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا اور یہ رقم مارچ کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیول لاگت میں رد و بدل کے باعث قیمتوں میں یہ اضافہ ناگزیر قرار دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فی یونٹ 1 روپے 63 پیسے اضافی رقم صارفین سے مارچ 2026 کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔ تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ نیپرا نے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جس کے بعد اب باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں حالیہ اضافے سے گھریلو اور کمرشل صارفین پر مالی دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔