ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)نکانہ صاحب کی بابا گورو نانک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران نے جامعہ میں تعلیمی منصوبہ بندی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، جس کا مقصد ادارے میں معیاری تعلیم اور جدید تدریسی نظام کو فروغ دینا ہے۔ تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے نتائج پر مبنی ایسے تعلیمی نظام کی ضرورت پر زور دیا جو طلبہ میں تنقیدی سوچ اور جدت پیدا کرے تاکہ وہ مارکیٹ میں ملازمت ڈھونڈنے کے بجائے روزگار فراہم کرنے کے قابل بن سکیں۔ انہوں نے صنعت اور اکیڈمی کے درمیان مضبوط روابط استوار کرنے کی ہدایت کی تاکہ طلبہ کو انٹرن شپ اور عملی تحقیق کے بہتر مواقع میسر آسکیں، جبکہ اجلاس کے دوران مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے تعلیمی معیار میں بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز اور بریفنگ پیش کی۔

دریں اثنا، وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے زیرِ تعمیر کیمپس کا دورہ کر کے فیز-ون کے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کیا جہاں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو پنجاب کے نمائندوں نے انہیں ماسٹر پلان اور کام کی رفتار سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈاکٹر شاہد عمران نے تعمیراتی کام کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل انفراسٹرکچر کی تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹوں اور واجبات کی ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ تعلیمی توسیع کا عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے