شہدادکوٹ و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.1 ریکارڈ، شہریوں میں خوف و ہراس

شہدادکوٹ (کیو این این ورلڈ) سندھ کے شہر شہدادکوٹ اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ دوپہر 12 بج کر 36 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا جس کی شدت 5.1 تھی۔ حکام کے مطابق زلزلے کی گہرائی 14 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز شہدادکوٹ سے تقریباً 74 کلو میٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔

جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ مختلف علاقوں میں لوگوں کو کھلی جگہوں پر جمع دیکھا گیا۔

حکام کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے