کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ، لیاری، صدر، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس، ڈی ایچ اے، سائٹ ایریا، ٹیپو سلطان روڈ، پہلوان گوٹھ اور بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں زمین لرز اٹھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رات 12 بج کر 51 منٹ پر محسوس کیے گئے، جن کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کراچی سے 87 کلو میٹر دور بلوچستان کے علاقے سومیانی کے قریب تھا۔

زلزلے کے بعد لیاری کے علاقے نیا آباد کی ایک عمارت کے رہائشی خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، جس پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی معائنے میں عمارت کو کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ٹیمیں مزید جائزہ لے رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس سے قبل چند گھنٹے پہلے سبی اور اس کے گردونواح میں بھی 3.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کا مرکز سبی کے جنوب مغرب میں 53 کلو میٹر دور تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلوں کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے