بھارت کے شہر لدھیانہ میں ایک منفرد اور دلچسپ رخصتی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جب عروسی لہنگا، بھاری زیورات اور مکمل دلہن کے روپ میں سجی لڑکی نے رخصتی کے وقت خود گاڑی کی ڈرائیونگ سنبھال لی۔ دلہن کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور انٹرنیٹ صارفین کے لیے دلچسپی کا باعث بن گئی۔
اطلاعات کے مطابق دلہن بھوانی تلوار ورما نے رخصتی کے موقع پر اچانک اعلان کیا کہ وہ اپنی نئی زندگی کا سفر خود ڈرائیو کرکے شروع کرنا چاہتی ہیں۔ اس اعلان نے محفل میں موجود سب کو حیران کر دیا، جبکہ دلہا کا چہرہ بھی دیکھنے لائق تھا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بھوانی مکمل اعتماد کے ساتھ اسٹیئرنگ سنبھالتی ہیں، گاڑی اسٹارٹ کرتی ہیں جبکہ دلہا ایک طرف بیٹھا قدرے پریشان اور دعائیں کرتا ہوا نظر آتا ہے کہ سفر بخیریت گزر جائے۔
ویڈیو میں ایک دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب دلہن نے مزاحیہ انداز میں دلہا سے کہا: "بیٹھو، گھر نہیں جانا؟” اور پھر پورے اطمینان کے ساتھ آگے بڑھا دی۔ اطلاعات کے مطابق پورے سفر کے دوران دلہن پُراعتماد طریقے سے گاڑی چلاتی رہی جبکہ دلہا کی گھبراہٹ اس ویڈیو کا سب سے دلچسپ پہلو بن گئی۔
ویڈیو کے ساتھ کیپشن بھی سوشل میڈیا پر خوب گردش کر رہا ہے جس میں لکھا گیا:
"کون کہتا ہے شادی کے بعد کنٹرول دلہا کے ہاتھ میں ہوگا؟”

یہ غیر معمولی رخصتی انٹرنیٹ صارفین کے لیے تفریح کا ذریعہ بن گئی ہے۔ جہاں کچھ صارفین نے دلہن کی ہمت اور خود اعتمادی کی تعریف کی، وہیں کئی لوگوں نے مزاحیہ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ رخصتی تو ہر جگہ ہوتی ہے مگر گاڑی دلہن خود چلائے… یہ اسٹائل تو صرف پنجاب والوں کا ہی ہو سکتا ہے۔