واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھا برتاؤ کر رہا ہے اور وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے کیونکہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری صورتحال میں کوئی کردار ادا کریں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ وہ مداخلت کر سکتے ہیں، تاہم پاکستان کے ساتھ امریکا کے بہت اچھے تعلقات ہیں اور موجودہ حالات میں مداخلت کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پاکستان نہایت شاندار انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور افغانستان کے ساتھ معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھال رہا ہے، اسی لیے وہ اس معاملے میں براہِ راست مداخلت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے اور موجودہ قیادت معاملات کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک عظیم وزیرِاعظم اور ایک قابل جنرل موجود ہیں، جن کی وہ بے حد عزت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں مضبوط قیادت پائی جاتی ہے جو ملکی اور علاقائی امور کو احسن انداز میں چلا رہی ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایران سے متعلق بھی گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور وہ ایران کی موجودہ پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں، تاہم جمعے تک مزید مذاکرات متوقع ہیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہتا، لیکن بعض اوقات حالات ایسے ہو جاتے ہیں کہ طاقت کے استعمال کی نوبت آ جاتی ہے۔