کراچی ( کیو این این ورلڈ) شہرِ قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ڈاکٹر نے اپنی اہلیہ سے جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر زہریلا انجکشن لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ متوفی کی شناخت 36 سالہ ڈاکٹر عزیز ولد معیز کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے اعتبار سے اینستھیزیا کے ماہر تھے اور مختلف نجی اسپتالوں میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں واقع گھر میں میاں بیوی کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد اہلیہ کمرے سے باہر چلی گئیں۔ کچھ دیر بعد جب وہ واپس آئیں تو ڈاکٹر عزیز نے انہیں بتایا کہ انہوں نے خود کو بے ہوش کرنے والا انجکشن لگا لیا ہے اور وہ اب محض چند منٹوں کے مہمان ہیں۔ اہلیہ نے فوری طور پر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس موبائل نے موقع پر پہنچ کر انہیں تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد شاہد بلوچ نے بتایا کہ ڈاکٹر عزیز دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے۔ متوفی دو کمسن بیٹوں کے باپ تھے اور ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ پولیس نے قانونی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں پر مزید چھان بین جاری ہے۔