پشاور (کیو این این ورلڈ) سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ڈی آئی خان کی شیخ یوسف خیمہ بستی میں چھاپہ مار کر ایک خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کا تعلق وزیرستان سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، گرفتار خاتون "فتنہ الخوارج” کے اہم کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی قریبی ساتھی اور دستِ راست ہے، جو علاقے میں تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھی۔

گرفتار مبینہ خودکش حملہ آور نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ اس نے خارجی کمانڈر طارق کوچی سے باقاعدہ عسکری تربیت حاصل کی تھی۔ ملزمہ نے انکشاف کیا کہ خودکش حملے کے لیے درکار بارودی سامان اور ہدف (ٹارگٹ) کے بارے میں تفصیلات اسے ایک اور خارجی کمانڈر عاصم نے فراہم کرنی تھیں۔ سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران خاتون کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، متعدد کارتوس، موبائل فونز، ٹیبلٹ اور حملے کی تیاریوں میں استعمال ہونے والا دیگر مشتبہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون کے موبائل فونز اور ٹیبلٹ کے فارنزک تجزیے سے کالعدم تنظیم کے ساتھ رابطوں کے ٹھوس شواہد ملے ہیں، جن میں خودکش حملے کے لیے رضامندی اور ہدایات پر مبنی پیغامات بھی شامل ہیں۔ اس گرفتاری کو سکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے صوبے میں ایک ممکنہ خونریز حملے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے، جبکہ ملزمہ سے مزید انکشافات کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے