ڈیرہ غازی خان ( کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "ستھرا پنجاب” ویژن پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ڈیرہ غازی خان کے قبرستانوں میں بڑے پیمانے پر صفائی ستھرائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے جمعرات کا دن خصوصی طور پر قبرستانوں کی صفائی کے لیے مختص کیا ہے، جس کے تحت ہر یونین کونسل کی سطح پر قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کی خصوصی ہدایات پر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر منصور ناگرہ نے قبرستانوں اور ان کے گردونواح میں صفائی کے انتظامات کو مزید فعال کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد عوام کو "ستھرا پنجاب” پروگرام کے ثمرات براہ راست فراہم کرنا اور شہر کے مقدس مقامات کے تقدس کو برقرار رکھنا ہے۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کرتی ہے۔ اسی ضرورت کے پیشِ نظر قبرستانوں میں خودرو جھاڑیوں اور گھاس کی کٹائی کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل منیجر منصور ناگرہ اور ڈویژنل کوآرڈی نیٹر عبداللہ عباسی نے بتایا کہ رمضان کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے قبرستانوں کی جانب جانے والے راستوں کی صفائی کا بھی خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افسران روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی کے معیار کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز پوری لگن سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ افسران بالا کی مسلسل نگرانی میں صفائی کے اس عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور حکومتی اہداف کو پورا کرنے کے مقصد کو ہر صورت حاصل کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے