ڈیرہ غازی خان: (کیو این این ورلڈ) سخی سرور کے پہاڑی علاقے بغل چور روڈ پر زائرین کی بس بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور جاں بحق اور 6 زائرین زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان نے فوری طور پر ایمبولینسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیں تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب زائرین دربار سخی سرور سے حاضری کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ پہاڑی سے نیچے اترتے ہوئے بس کے اچانک بریک فیل ہو گئے اور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گاڑی بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس ایک جانب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والا 45 سالہ ڈرائیور افتخار ولد عبدالستار سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کی لاش کو تحویل میں لے کر سول ہسپتال سخی سرور منتقل کیا۔ حادثے میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پانچ زائرین سمیت کل 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں شہباز، مصطفیٰ، ساجد حسین، حسن علی اور ثمینہ بی بی شامل ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے چار زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے