ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) عیدالفطر کے مقدس موقع سے قبل اور عید کے دنوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کر کے ڈیرہ غازی خان کو حقیقی معنوں میں چمکا دیا، جس پر شہریوں نے خوشی اور اطمینان کا بھرپور اظہار کیا۔
ریجنل منیجر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے ہمیشہ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی عیدالفطر کے موقع پر خصوصی صفائی پلان ترتیب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی واضح ہدایات اور مسلسل نگرانی میں شہر کے تمام اہم مقامات، بازاروں اور شاہراہوں کو نہ صرف صاف کیا گیا بلکہ انہیں مثالی انداز میں سنوارا بھی گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاند رات سے ہی خصوصی صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا تھا، کیونکہ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کرتی ہے۔
اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں نے دن رات محنت کر کے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کو یقینی بنایا۔ عیدالفطر کی نماز اور اس کے بعد شہریوں کی جانب سے قبرستانوں کا رخ کرنے کے پیش نظر عیدگاہوں اور قبرستانوں کی جانب جانے والے تمام راستوں کو خصوصی طور پر صاف کیا گیا۔ قبرستانوں کے اندرونی و بیرونی حصوں میں بھی صفائی کے اعلیٰ انتظامات کیے گئے تاکہ شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کریں۔
شہریوں نے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر ایسے مثالی انتظامات نہ صرف خوشی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ حکومتی اداروں پر اعتماد کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اگر نیت اور قیادت مضبوط ہو تو عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔