ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر) 25 دسمبر کو مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے شہر بھر، خصوصاً عبادت گاہوں میں صفائی و ستھرائی کے خصوصی اور مثالی انتظامات کیے گئے۔ اس حوالے سے سینٹ اینتھونی یونائیٹڈ چرچ اور مسیحی قبرستان میں خصوصی صفائی مہم چلائی گئی، جہاں چرچ کے اندرونی و بیرونی حصوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ اطراف کی سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا اور چونا ڈال کر راستوں کو صاف ستھرا بنایا گیا تاکہ عبادت کے لیے آنے والے شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان انتظامات کا مقصد مسیحی برادری کو ان کے پرمسرت تہوار پر خوشگوار ماحول فراہم کرنا تھا۔

بین المذاہب ہم آہنگی اور یکجہتی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران نے سینٹ اینتھونی یونائیٹڈ چرچ کا دورہ کیا اور وہاں موجود مسیحی برادری کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر توفیق عادل، تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری، پی آر او جواد اکبر بھٹی، سپروائزر ملک جمشید اور ملک سراج سمیت دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ چرچ کے منتظمین نے صفائی کے بہترین انتظامات اور خوشیوں میں شریک ہونے پر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے ان مثبت اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور اسے مذہبی رواداری کی بہترین مثال قرار دیا۔