ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر):عیدالفطر کے موقع پر شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سی ای او شاہد ندیم رانا نے کی۔ اجلاس میں منیجر آپریشنز محمد حسنین گشکوری، ڈائیوو کے ڈی جی ایم شاہ زیب، ریجنل منیجرز سمیت تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل منیجرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سی ای او شاہد ندیم رانا نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید سے قبل "زیرو ویسٹ” مہم کی کامیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کو مکمل طور پر صاف ستھرا بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصی طور پر مساجد، عید گاہوں، قبرستانوں اور اہم بازاروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو عید کے موقع پر صاف اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاند رات کے موقع پر کمرشل مارکیٹوں میں غیر معمولی رش کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے، جبکہ صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے مشینری اور وسائل کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں خود نگرانی کریں اور صفائی کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سی ای او کا کہنا تھا کہ عیدالفطر جیسے اہم موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ ڈیرہ غازی خان کو صاف ستھرا اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔