ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) ڈیرہ غازی خان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن “ستھرا پنجاب” کے تحت انسدادِ کوڑا کرکٹ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس سے کچہری چوک تک ایک مؤثر اور بامقصد آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں میں صفائی، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا تھا۔

آگاہی واک میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف آفیسر رانا شاہد ندیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، ڈسٹرکٹ منیجر ویسٹ مینجمنٹ توفیق عادل، تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ، ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی، تحصیل منیجر رانا عثمان اور پی آر او جواد اکبر بھٹی سمیت ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران اور ورکرز نے بھرپور شرکت کی۔

واک کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آفیسر رانا شاہد ندیم نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے انسدادِ کوڑا کرکٹ مہم عوامی فلاح کے لیے ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور جرمانے عائد کیے جائیں گے تاکہ شہر کو مستقل طور پر صاف اور صحت مند رکھا جا سکے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسد چانڈیہ نے کہا کہ “صفائی نصف ایمان ہے” اور حکومت پنجاب اس وژن پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائے گی کیونکہ یہ اقدام براہِ راست عوامی صحت اور شہری معیارِ زندگی سے جڑا ہوا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ ادارے پہلے بھی مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم انسدادِ کوڑا کرکٹ مہم کو ہر سطح پر مزید وسعت دی جائے گی تاکہ اس کے مثبت اثرات عام شہریوں تک پہنچیں اور صفائی کا پیغام گھر گھر منتقل ہو۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ آگاہی واک محض علامتی سرگرمی نہیں بلکہ “ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت ایک عملی عزم کی عکاس ہے، جس کا مقصد شہریوں کو شریکِ سفر بنا کر صاف، محفوظ اور صحت مند پنجاب کی بنیاد رکھنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے