ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) ڈیرہ غازی خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت ایک ماہ کے دوران شہر بھر میں اڑھائی ہزار کے قریب مین ہول کورز کی تنصیب، مرمت اور نالیوں پر سلیب لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ ایم ڈی واسا ملک جواد کلیم اللہ نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صرف ماہِ جنوری کے دوران 792 کھلے مین ہولز کو کور کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے 1650 نئی سلیب لگائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا سمجھوتا نہیں کیا جا رہا۔
ملک جواد کلیم اللہ نے مزید کہا کہ واسا کے افسران اور فیلڈ عملہ دن رات شہریوں کی سہولت کے لیے متحرک ہے اور شہر کی سیوریج کی مجموعی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی اقدامات کی بدولت ماضی کے مقابلے میں عوامی شکایات میں واضح کمی آئی ہے، تاہم نظام کو سو فیصد مثالی بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے جدید طرز پر آن لائن کمپلینٹ سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ کوئی بھی شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں واسا دفتر آ کر براہِ راست ان سے یا متعلقہ افسران سے رابطہ کر سکتا ہے۔
ایم ڈی واسا نے اس بات پر زور دیا کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر اشفاق احمد اور ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کی مسلسل نگرانی اور بہترین کوآرڈی نیشن کی بدولت واسا سمیت دیگر اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور صحت و صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں اور مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لیے محکمہ واسا کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ڈیرہ غازی خان کو ایک ماڈل شہر بنایا جا سکے۔