ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ چوہدری شکیل احمدسے):ڈیرہ غازی خان شہر میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک بگڑ چکی ہے، جہاں پولیس کمانڈ کی ناکامی کے باعث جرائم پیشہ عناصر بے لگام ہو گئے ہیں۔ شہر کے سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں چوری، ڈکیتی، موٹر سائیکل چھیننے، گھروں میں نقب زنی اور لوٹ مار کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، جبکہ پولیس کی عملی کارکردگی صرف واٹس ایپ رپورٹس اور کاغذی دعوؤں تک محدود دکھائی دیتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کی جانب سے کیے جانے والے دورے اور اجلاس محض دکھاوے تک محدود ہیں، جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ پولیس افسران کی جانب سے اندرونی واٹس ایپ گروپس میں تو کامیاب کارروائیوں کی رپورٹس دی جا رہی ہیں، تاہم شہر کی سڑکوں، بازاروں اور گلی محلوں میں شہری خود کو مکمل طور پر غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
صورتحال اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ وہ علاقے بھی جرائم کی لپیٹ میں آ چکے ہیں جہاں ماضی میں کبھی وارداتیں نہیں ہوا کرتی تھیں۔ اب وہاں بھی موٹر سائیکل چھیننے، لوٹ مار اور چوری کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا شکوہ ہے کہ پولیس اکثر کارروائی سے گریز کرتی ہے یا پھر شکایات سن کر محض تسلی دے کر واپس بھیج دیا جاتا ہے، جس کے بعد ایک اور واردات سامنے آ جاتی ہے۔
گزشتہ دنوں کے دوران پیش آنے والے متعدد واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ جہاز چوک میں ایک ہی گھنٹے کے دوران چار موٹر سائیکلیں چھین لی گئیں، جبکہ سخی سرور روڈ پر دن دہاڑے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران ایک نوجوان جاں بحق اور تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اسی طرح کلمہ چوک میں موٹر سائیکل چھیننے اور پرچون کے ایک ہول سیل ڈیلر کی دکان سے ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں عوام نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، تاہم اس کے باوجود کوئی واضح اور مؤثر پیش رفت سامنے نہ آ سکی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے درجنوں واقعات رپورٹ ہونے کے باوجود نہ تو بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی اطلاعات ہیں اور نہ ہی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی دکھائی دیتی ہے، جس کے باعث شہر کے باسی خود کو اللہ کے رحم و کرم پر چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
اہلِ ڈیرہ غازی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ڈیرہ غازی خان پولیس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات اور تبدیلیاں کی جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قابل، دیانتدار اور بااختیار ایس ایچ اوز کی تعیناتی، ڈی پی او اور ڈی آئی جی سمیت اعلیٰ افسران کی کارکردگی کا سنجیدہ جائزہ اور عملی اقدامات کے بغیر شہر میں امن و امان کی بحالی ممکن نہیں۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔