لاہور (کیو این این ورلڈ) پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ڈیرہ غازی خان کے سرحدی گاؤں جوتر کے قریب ایک بڑی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں 15 کے قریب دہشت گرد موجود ہیں جو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر شروع کی گئی اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، جس پر اہلکاروں نے بھرپور جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے 11 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی ٹی ڈی نے عسکریت پسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، رائفلیں، گولیاں اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی ‘محفوظ پنجاب’ کے ہدف کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی اطلاع کی صورت میں فوری طور پر سی ٹی ڈی کی ہیلپ لائن 11111-0800 پر رابطہ کریں۔