ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ نیوز رپورٹر شاہد خان) محکمہ لوکل گورنمنٹ ڈیرہ غازی خان کی زیرِ نگرانی ضلع کونسل ہال میں نکاح خوانوں کے لیے ایک اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ آرڈیننس 2026ء اور مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961ء کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔ ورکشاپ میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و ایڈیشنل کمشنر ریونیو کاشف رضا اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد صفدر یار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد احمد ظفر غلزئی، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل اور قاری جمال عبدالناصر سمیت علماء، مشائخ، نکاح خوانوں اور سیکرٹری یونین کونسلز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے شرکاء کو مطلع کیا کہ نئے آرڈیننس کے تحت اب شادی کے لیے مرد اور عورت دونوں کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے اور اس قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کاشف رضا اعوان نے خطاب کرتے ہوئے تاکید کی کہ نکاح خوان نکاح درج کرتے وقت دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کریں کیونکہ قوانین معاشرتی معاملات کی بہتری کے لیے وضع کیے جاتے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد صفدر یار نے واشگاف الفاظ میں متنبہ کیا کہ آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے نکاح خوانوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، لہٰذا برتھ سرٹیفکیٹ یا قومی شناختی کارڈ کی عدم موجودگی میں نکاح ہرگز درج نہ کیا جائے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد احمد ظفر غلزئی نے فنی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نکاح خوان صرف اپنی مختص کردہ یونین کونسل کا ہی نکاح درج کرنے کے مجاز ہیں اور نکاح نامہ کے تمام کالموں کو بغیر کسی کٹنگ کے صاف ستھرا پُر کرنا لازمی ہے۔

ورکشاپ کے دوران چیف آفیسر جواد الحسن گوندل نے اس نئے آرڈیننس اور حکومتی ہدایت نامہ کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ قاری جمال عبدالناصر نے یقین دہانی کرائی کہ محراب و منبر سے میرج آرڈیننس کے بارے میں عوامی شعور بیدار کیا جائے گا۔ مقررین نے نکاح خوانوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے واضح کیا کہ 18 سال سے کم عمر بچوں کا نکاح پڑھانے کی صورت میں لائسنس کی منسوخی، فوجداری مقدمہ، دو سے تین سال تک قید اور بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور قانون کی بالادستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جس میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے حکومتی قوانین کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے