ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار ظفر کھوکھر) پاکستان دھرتی ماں سیاسی پارٹی کے چیئرمین رائے آصف نواز نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس کا بوجھ براہ راست عام آدمی پر پڑے گا۔
رائے آصف نواز کا کہنا تھا کہ پٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے خوردونوش سمیت ہر چیز کی قیمتوں میں خود بخود اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے دیہاڑی دار طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی پوری کرنا بھی محال ہو گیا ہے۔ حکومت کی یہ پالیسیاں عوامی مفادات کے منافی ہیں اور اس سے معاشی صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی۔
انہوں نے حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ چیئرمین پاکستان دھرتی ماں پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور غریب پروری کے بجائے عوامی دشمن اقدامات سے گریز کرے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔