احمد پور شرقیہ(کیو این این ورلڈ) حکومت پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق بطور مستقل ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور تعینات ہونے کے بعد پروفیسر محمد تسلیم عالم نے ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے تدریسی عمل، بیوٹیفیکیشن اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنے دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز نے گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب احمد پور شرقیہ کا بھی اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے کالج میں امتحانی داخلوں، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی امور کا خصوصی جائزہ لیا۔ پروفیسر محمد تسلیم عالم نے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل اور کنٹرولر امتحانات و انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی کی کارکردگی کو خوب سراہا۔

اس موقع پر پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے ڈی ڈی سی کو نئی تعیناتی پر دلی مبارکباد پیش کی اور گلدستہ و پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا پرجوش استقبال کیا۔ تعلیمی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر محمد تسلیم عالم کا کہنا تھا کہ سرکاری کالجز ہی درحقیقت معیاری تعلیمی ادارے ہیں جہاں نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم، بہترین تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول سے ہی ملکی معیشت میں ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو اپنی تمام تر توجہ قلم اور کتاب سے دوستی پر مرکوز کرنی چاہیے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

دورے کے موقع پر سی ٹی آئیز لیکچررز رانا اسد علی، محمد عدنان خان، سپرنٹنڈنٹ خالد رشید چشتی، علی عباس، نوید مرید، فیض درانی، طاہر گارڈ، ضیاء ملک اور مونی لال سمیت دیگر عملہ بھی موجود تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے