لاہور (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بدعنوانی نہ صرف جرم ہے بلکہ سماجی، معاشی اور معاشرتی ظلم کا سبب بھی ہے۔ روز اول سے ہی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، کیونکہ بدعنوانی کے باعث معاشرے میں بدامنی اور مایوسی پھیلتی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومتی امور میں شفافیت، کرپشن کے خاتمے اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی پالیسی نے عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بہتر بنایا ہے، اور کے پی آئیز سسٹم کے ذریعے حکومتی افسران مزید مستعد اور متحرک ہوئے، جس سے عوامی خدمات میں نمایاں بہتری آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن صرف اخلاقی زوال نہیں بلکہ قوم کی ترقی کی قاتل ہے، کیونکہ یہ قومی وسائل کو نقصان پہنچاتی ہے اور عوام کے اعتماد کو بھی متزلزل کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے