اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شاہین محمدوف نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔

ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دفاعی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً بحری تعاون اور علاقائی سمندری سلامتی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ دفاع نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تبادلوں، مشترکہ تربیت اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں مشترکہ تربیتی پروگرامز اور دفاعی اشتراک کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دفاعی اور بحری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے