لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی سطح پر معروف داماک گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سے داماک گروپ کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت سی ای او امیرا حسین سجوانی اور منیجنگ ڈائریکٹر علی حسین سجوانی کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران حکومتی اور تجارتی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں سٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف آئی ٹی سٹی میں تجارتی اثاثوں کی پائلٹ ٹوکنائزیشن کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، جس پر داماک گروپ کے وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل اثاثہ جات میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا گیٹ وے بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب آئی ٹی برآمدات میں 65 فیصد حصے کے ساتھ پاکستان کی سب سے بڑی ڈیجیٹل اکانومی ہے، جہاں ہر سال 25 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس افرادی قوت میں شامل ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ متحرک ٹیکنالوجی ہب بن چکے ہیں اور حکومت کا ہدف پاکستان کو عالمی سطح پر ڈیجیٹل انوویشن کا مرکز بنانا ہے۔ اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے قائد ڈسٹرکٹ ماسٹر پلان، فائیو سٹار ہاسپیٹیلٹی ٹاور اور ہائپر ریٹیل مال سمیت دیگر بڑے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سی بی ڈی پنجاب اور روڈا میں ٹوکنائزیشن کے بے شمار مواقع موجود ہیں جو صوبے کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔