اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) خرم پور روڈ کے قریبی علاقے موضع عباس آر بی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پالتو بکری کو بچانے کی کوشش ایک شہری کے لیے جان لیوا ثابت ہوتے ہوتے بچی۔ 15 فٹ گہرے نجی گٹر میں اترنے والا شہری زہریلی گیس یا آکسیجن کی کمی کے باعث موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد لطیف ولد کریم بخش اپنی بکری کو گٹر سے نکالنے کے لیے نیچے اترا تھا، لیکن گہرائی زیادہ ہونے اور گٹر میں موجود پانی و گیسز کے باعث اس کی حالت غیر ہو گئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ شخص کو باہر نکالا اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گٹر میں آکسیجن کی شدید کمی اور زہریلی گیسوں کے اخراج کی وجہ سے محمد لطیف بے ہوش ہوا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر ہی ہنگامی بنیادوں پر سی پی آر (CPR) کے ذریعے مریض کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔
طبی ماہرین اور ریسکیو حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ گہرے گٹروں یا بند کنوؤں میں بغیر حفاظتی اقدامات اور آکسیجن ماسک کے اترنا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے، کیونکہ وہاں "ہائیڈروجن سلفائیڈ” جیسی جان لیوا گیسیں موجود ہوتی ہیں جو سیکنڈوں میں انسان کو بے ہوش کر سکتی ہیں۔