اسلام آباد (ویب ڈیسک):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے نئے سال کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، جس کا اسحاق ڈار نے خیرمقدم کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی ترقی کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے چین کے تمام بنیادی مفادات پر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی پر مکمل طور پر قائم ہے، عوامی جمہوریہ چین کو واحد جائز حکومت تسلیم کرتا ہے اور تائیوان کو چین کا اٹوٹ حصہ سمجھتا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون اور خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے۔ دونوں فریقین نے دوستی اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی اقتصادی فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے آئندہ دورۂ سوئٹزرلینڈ، مجوزہ پروگرام، ایجنڈے اور متوقع میڈیا مصروفیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ترجمان کے مطابق وزیر اعظم 19 سے 23 جنوری 2026ء تک ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے۔ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ فورم کے موقع پر عالمی قیادت، اقتصادی و مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ ملاقاتوں کو مؤثر بنایا جائے تاکہ پاکستان کے معاشی وژن، سرمایہ کاری کے مواقع اور اصلاحاتی اقدامات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے