بیجنگ (کیو این این ورلڈ) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ثالثی کی کوششوں کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی خطے میں بھیجنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے اس سلسلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر اہم گفتگو کی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وانگ ای نے سعودی عرب کے تحمل اور اختلافات کو پُر امن طریقوں سے حل کرنے کے مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین علاقائی استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی تنازع میں شہریوں کے تحفظ کی ‘سرخ لکیر’ کو عبور نہیں کیا جانا چاہیے اور انسانی جانوں کا ضیاع ہر صورت روکا جانا چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ توانائی کے مراکز اور غیر عسکری اہداف پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی تجارت کے لیے جہاز رانی کے بحری راستوں کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عالمی معیشت متاثر نہ ہو۔