لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار بیواؤں اور یتیم بچوں کی سرکاری کفالت کے لیے ایک جدید اور شفاف ڈیجیٹل سسٹم تیار کر لیا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے تحت پنجاب میں ‘وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ’ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی منظوری وزیراعلیٰ نے باقاعدہ طور پر دے دی ہے۔

اس پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کو ایک لاکھ روپے تک کی براہِ راست مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں یہ کارڈ 50 ہزار سے زائد بے آسرا گھرانوں کے لیے معاشی ڈھال ثابت ہوگا، جبکہ منصوبے کا باقاعدہ آغاز عید کے فوری بعد کر دیا جائے گا۔ پیکج کے تحت بیوہ خواتین کو ایک لاکھ روپے اور یتیم بچوں کو 25،25 ہزار روپے کی رقم ملے گی۔

رحمت کارڈ کے حصول کے لیے حکومت نے آسان ذرائع متعارف کرائے ہیں، جن میں موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل، کال سینٹر اور زکوٰۃ کے دفاتر شامل ہیں۔ صوبائی معاون خصوصی برائے عشر و زکوٰۃ راشد نصر اللہ نے اس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام وسائل حقداروں تک پہنچانے کے لیے مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب میں بیوہ اب محتاج نہیں بلکہ ریاست کی ذمہ داری ہے، انہیں خیرات نہیں بلکہ باوقار حق دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کارڈ کا مقصد بیوہ خواتین کو خود روزگار کی راہ پر گامزن کرنا اور یتیم بچوں کو مالی خود مختاری کے ساتھ باوقار زندگی فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے