لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے ملک کی پریمیئر انویسٹی گیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت پنجاب نے جرائم کے خاتمے میں سی سی ڈی کی کارکردگی اور عوامی پذیرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سی سی ڈی کو دنیا کے پانچ بہترین جرائم کنٹرول کرنے والے اداروں کی طرز پر ترقی دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے ادارے کو جدید فارنزک سہولیات، جدید تفتیشی مہارتوں، ماڈرن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر، جدید انٹیلی جنس سرویلنس سسٹم، مشینری اور جدید آلات فراہم کیے جائیں گے تاکہ اسے پاکستان کے سب سے جدید تحقیقاتی اداروں میں تبدیل کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کی مؤثر نگرانی کے لیے بھی سی سی ڈی کو جدید ترین آلات فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سی سی ڈی کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ مرکزی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
حکومت پنجاب نے سی سی ڈی کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک بڑا انتظامی فیصلہ بھی کیا ہے جس کے تحت پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی کے دفاتر، تھانے اور اہلکاروں کے لیے رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد صوبے کے مختلف علاقوں میں جرائم کی روک تھام اور فوری کارروائی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ عیدالفطر کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف ایک بھرپور مہم شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے تاکہ جرائم میں کمی لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ حکومت نے غیر قانونی اسلحے کی روک تھام کے لیے نیا قانون بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق سی سی ڈی کے حالیہ اقدامات کے نتیجے میں پنجاب میں مختلف جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں ڈکیتی کے واقعات میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ موبائل فون اور بیگ چھیننے کے واقعات میں 49 فیصد کمی آئی ہے۔ اسی طرح گاڑی چوری کے واقعات میں 17 فیصد، اقدام قتل کے واقعات میں 31 فیصد اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
سی سی ڈی کی کارروائیوں کے باعث قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد حکومت نے اس ادارے کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین کے خلاف جرائم کے خاتمے کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کی ہیں اور خاص طور پر خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات سے نمٹنے کا ٹاسک بھی سی سی ڈی کو سونپ دیا ہے۔ اس کے علاوہ سی سی ڈی کے اندر جرائم کی روک تھام اور تحقیق کے لیے جدید تحقیقی مراکز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ جدید طریقوں سے جرائم کی وجوہات کا تجزیہ کر کے مؤثر حکمت عملی تیار کی جا سکے۔