صادق آباد (کیو این این ورلڈ) ملتان سکھر موٹر وے پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار سڑک پر کھڑےٹینکر سے جا ٹکرائی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کار ڈرائیور کو اچانک نیند آ جانے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر ٹینکر کے نیچے گھس گئی۔

ریسکیو 1122 کے عملے نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے سے لاشوں اور زخمی شخص کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ موٹر وے پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لے کر حادثے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ وجوہات کا مکمل تعین کیا جا سکے۔