لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں کینسر اور دل کے مریضوں کے لیے بڑے پیمانے پر ہیلتھ ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ اسپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ اور کارڈیک سرجری کارڈ متعارف کرانے کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ کینسر اور کارڈیک سرجری کے مریضوں کے علاج کا مکمل خرچ حکومت برداشت کرے گی، جبکہ پیش کیے جانے والے خصوصی کارڈ کے ذریعے مریض 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت استعمال کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریض اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

مزید بتایا گیا کہ چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت دل کے مریضوں کی سرجری بالکل مفت کی جائے گی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ:

نواز شریف انسٹی ٹیوٹ برائے کینسر ٹریٹمنٹ کا اوپی ڈی بلاک 17 جنوری تک فعال کر دیا جائے گا۔

نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا 31 جنوری تک فعال کرنے کی ڈیڈلائن مقرر۔

دونوں اداروں کے لیے مجموعی طور پر 577 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی۔

جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور 15 فروری سے فنکشنل ہوگا، جس کے لیے 1104 اسامیاں منظور کر لی گئیں۔

پنجاب کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں 19 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کی ادویات بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دی جائے اور خصوصی کارڈ پروگرام کو شفاف، مؤثر اور فوری بنیادوں پر نافذ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے