بہاولپور (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) تھانہ مسافر خانہ کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 12 سالہ کمسن بچے کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی پی او بہاولپور رانا عبد الوہاب کے مطابق، مقتول بچہ دو روز قبل لاپتہ ہوا تھا جس کی تلاش جاری تھی، تاہم گزشتہ روز اس کی لاش قریبی جھاڑیوں سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات اور شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ معصوم بچے کو پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر شناخت چھپانے کے لیے گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او رانا عبد الوہاب، ڈی ایس پی صدر سرکل اور ایس ایچ او تھانہ نوشہرہ جدید سمیت کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے تاکہ زیادتی اور قتل کی سائنسی بنیادوں پر تصدیق ہو سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈی پی او نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سخت سے سخت سزا دلوا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے